کراچی کے علاقے ملیر ، گلستان جوہر ، تیموریہ اور نیو کراچی انڈسٹریل ایریا سے 4 جعلی پولیس اہلکاروں کے علاوہ ، مویشی خریدنے کے لئے جانے والے شہریوں کو لوٹنے والے اور مضر صحت ماوا گٹکا فروخت کرنے والے ملزمان سمیت 12 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان بلوچ کے مطابق گلستان جوہر میں الہ دین پارک قریب چاروں جعلی پولیس اہلکار سڑک پر اسنیپ چیکنگ کررہے تھے کہ گلستان جوہر تھانے کی پولیس موبائل وہاں پہنچی۔ گلستان جوہر تھانے کے اہلکاروں نے اسنیپ چیکنگ کرنے والے جعلی اہلکاروں سے پوچھ گچھ کی تو ان کے جعلی اہلکار ہونے کا پول کھل گیا، چاروں جعلی اہلکار فیصل ، ارسلان ، فیضان اور محسن کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق تیموریہ اقبال گارڈن میں خفیہ اطلاع پر ایک سوزوکی ہائی روف کی تلاشی لی گئی تو اس میں 139 کلو گرام مضر صحت ماوا / مین پوری تھا جسے قبضے میں لیکر گاڑی کے ڈرائیور اور ہیلپرمبشر اورعدنان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ ایس ایس پی ملیر رائو انوار کے مطابق ملیر بکرا پڑی کے قریب 4 اسٹریٹ کرمنلز صہیب،سلیم،کاشف اور فرحاد ملیر بکرا پڑی ،مویشی خریدنے کے لئے جانے والے شہری سے لوٹ مار کررہے تھے کہ گشت پر مامور پولیس پہنچ گئی تو ملزمان فرار ہونے لگے جنہیں تعاقب کے بعد گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے2800 روپے کی رقم ،اسلحہ اور موبائل فون ملے ہیں۔ پولیس کے مطابق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں اسنیپ چیکنگ کے دوران تلاشی کے بعد نشے کے عادی 2 ملزمان سے چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔