کراچی کے علاقے لانڈھی چھتیس بی میں گرفتار ملزم کی نشان دہی پر رینجرز نے کارروائی کی اوراسلحے کی موجودگی کی اطلاع پر نالے کی کھدائی جاری ہے، جبکہ ناگن چورنگی کی رہائشی عمارت سےایک شخص کی15 روزہ پرانی لاش برآمد ہوئی ہے،دوسری طرف بفروزن،پاک کالونی ، فیریئرکالونی ،سرجانی ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن مدینہ کالونی سے آٹھ ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔
نیو کراچی سیکٹر الیون ای میں رہائشی عمارت کی چھٹی منزل پر واقع فلیٹ سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت مزمل کے نام سے کرلی گئی ہے۔ لاش 10سے 15 روز پرانی ہے اور مزمل کو شبہ ہے کہ گلا گھونٹ کرقتل کیا گیا ہے۔
پاک کالونی میں پولیس نے گینگ وار ملزمان کے خلاف کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس مطابق گرفتار گینگ وار کارندوں محمد یٰسین اور غلام قادر کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم برآمد کرلیا گیا ہے۔
سرجانی ٹاؤن میں پولیس نے اسنیپ چیکنگ کے دوران دو اسٹریٹ کریمنلز کو گرفتار کرلیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نعمان اور زبیر کے قبضے سے موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کرلیا گیاہے۔
دوسری جانب بلدیہ ٹاؤن کی مدینہ کالونی سے بھی اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم مزمل کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا،ملزم نے پولیس کو بتایا کہ اس نے بلدیہ ٹاؤن،اورنگی ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں ساتھی ملزمان کے ساتھ ملکر لوٹ مارکی وارداتیں کی ہیں،ملزم کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہےمارے جارہے ہیں۔
آرٹلری میدان تھانے کی حدود فیریئر کالونی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل اور ڈکیتی میں ملوث ملزم بشیر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ گارڈن پاکستان کوارٹرز کی رہائشی خاتون بائیں کندھے پر اندھی گولی لگنے سے زخمی ہوگئی، زخمی خاتون کو جناح اسپتال میں طبی امداد فراہم کردی گئی۔
ادھر بفرزون سیکٹر 16 اے میں ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق پولیس اور ملزمان میں مقابلہ ہوا ،مقابلے کے بعد 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ملزمان عاصم اور سنی سے اسلحہ ،موبائل فونز اور چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے میں ملزمان کی فائرنگ سے پولیس موبائل کو نقصان پہنچا ہے۔