کراچی کے علاقے نمائش میں رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر واقع فلیٹ میں آگ لگ گئی، جس پر قابو پالیا گیا ہے۔ فلیٹ کے مالک سہیل انصاری نے الزام عائد کیا ہے کہ اسے دھمکیاں دی جارہی تھیں۔
نمائش چورنگی پر واقعہ فلیٹ میں لگنے والی آگ پر فائر بریگیڈ کی 2گاڑیوں نے قابو پالیا۔ فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے فلیٹ میں موجود تمام سامان جل کر خاکستر ہوگیا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ فائر بریگیڈ حکام کا کا یہ بھی کہنا ہے کہ فلیٹ میں آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب فلیٹ کے مالک اور پیپلز پارٹی کے سابق رہنما سہیل انصاری کا کہنا ہے کہ اسے کافی عرصے سے دھمکیاں مل رہی تھیں، جس کے باعث وہ شہر چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ دھمکیوں کے حوالے سے پولیس میں رپورٹ نہیں کیا تھا۔