کراچی (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ لیاری کے عوام پہلے بھی بھٹو کے ساتھ تھے اور اب بھی وہ بھٹو کے متوالے ہیں، اتوار 26 اپریل کو ککری گراؤنڈ لیاری میں ہونیوالا جلسہ تاریخی جلسہ ہوگا۔
جلسے سے پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری خصوصی خطاب کریں گے، لیاری کی ترقی کے کاموں کا آغاز سابقہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت سے شروع ہوا ہے اور آصٖف علی زرداری لیاری کے عوام کے جذبات اور احساسات سے اچھی طرح واقف ہیں، ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ککری گراؤنڈ لیاری میں 26 اپریل کو ہونے والے جلسہ عام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن اور دیگر بھی موجود تھے، بعد ازاں سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ہونے والے حلقہ این اے246 کے ضمنی انتخابات کیلیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور وہاں موجود رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران کو خصوصی ہدایات دیں اور کہا کہ انتخابات پرامن، صاف و شفاف انداز میں منعقد ہوں۔
اس کیلیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے، علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بدھ کو ایکسپو سینٹر میں ضیاء الدین یونیورسٹی کراچی کے جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ صوبے میں صحت کی سہولتوں کو بہتر کرنے کیلیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، تھر پارکر میں بھی صورتحال کو کنٹرول کر لیا گیا ہے وہاں 75 سے زائد ڈاکٹرز کو تعینات کیا جا چکا ہے۔
اس وقت مٹھی اسپتال سندھ کے بہترین اور جدید سہولتوں سے آراستہ ہے جہاں ہر شعبے کے ماہر ڈاکٹرز موجود ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر ضیاء الدین اسپتال کی انتظامیہ کو جگر کی پیوندکاری کا اسپتال قائم کرنے کیلیے کہا جس کیلیے حکومت سندھ ابتدائی طور پر 50 ملین روپے کا فنڈ فراہم کرے گی جبکہ مزید رقم کام کے آغاز کے بعد دی جائے گی۔