کراچی (یس اردو نیوز) عزیز آباد کراچی میں پانی کی ٹینکی سے برآمد ہونے والا اسلحہ پاک فوج کے حوالے کر دیا گیا ، سیاسی کارکن کی نشاندہی پر نائن زیرو کے قریب کارروائی کی گئی ۔
عزیز آباد سے برآمد ہونے والا اسلحہ دو ٹرکوں اور چار پولیس موبائلز کے ذریعے منتقل کیا گیا ۔ دو سو سے زائد اینٹی ایئر کرافٹ گنز، سیکڑوں راکٹ لانچر، دستی بموں کی بڑی تعداد، کلاشنکوف، نائن ایم ایم پستول اور لاتعداد گولیاں برآمد کی گئیں ۔
کراچی پولیس نے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر عزیز آباد بلاک آٹھ میں چھاپہ مارا ، جہاں دو سال سے بند ایک مکان میں پانی کی ٹینکی کھولی گئی
تو ٹینکی نے پانی کی طرح اسلحہ اگلنا شروع کر دیا ، اسلحہ لے جانے کیلئے تین ٹرک منگوائے گئے تاہم وہ بھی کم پڑ گئے ۔
ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے انکشاف کیا کہ یہ اسلحہ بھتہ وصولی اور چائنہ کٹنگ کیلئے خریدا گیا اور اس میں سیاسی جماعت ملوث ہے ۔
کراچی کی تاریخ میں اسلحہ کی سب سے بڑی کھیپ پکڑنے والی ٹیم کیلئے پولیس نے دس لاکھ اور ڈی جی رینجرز نے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے