ویٹا چورنگی میں مزدور پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری کے ٹینک کی صفائی کیلئے اترے تو زہریلی گیس کا نشانہ بن گئے ، تین موقع پر جبکہ دو ہسپتال میں دم توڑ گئے
کراچی (یس اُردو) کراچی کے علاقے ویٹا چورنگی کے قریب فیکٹری کے کیمیکل ٹینک میں زہریلی گیس قاتل بن گئی ، پانچ افراد لقمہ اجل بن گئے ، کراچی کے علاقے کورنگی انڈسٹریل ایریا میں پلاسٹک دانہ بنانے والی فیکٹری کا کیمیکل ٹینک قاتل بن گیا ۔ صفائی کے لیے دس مزدور ٹینک میں اترے تو ٹینک میں موجود زہریلی گیس نے فوری طور پر تین افراد کی جان لے لی ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی ۔ ریسکیو عملے نے جاں بحق ہونے والوں اور دیگر سات افراد کو ٹینک سے نکال لیا ۔ تمام افراد کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ متاثرہ افراد میں سے تین کی حالت انتہائی تشویشناک تھی جن میں سے دو افراد نے ہسپتال میں دم توڑ دیا ۔ افسوسناک واقعہ نے متعدد سوالات اٹھا دیئے ہیں ۔ کیمیکل ٹینک کی صفائی کے طریقہ کار کے مطابق مناسب حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے یا نہیں اور ان اقدامات کو یقینی بنانا کس کی ذمہ داری تھی جس نے پانچ گھروں کے چراغ بجھا دئیے ۔