کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
کراچی:بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں مکان سے خاتون کی لاش ملی۔ ایس پی بلدیہ کے مطابق واقعے گھریلو تنازع کا شاخسانہ ہے۔ مقتولہ یاسمین کے شوہر کی تلاش جاری ہے۔ ادھر اورنگی ٹاؤن سیکٹر 5 میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ دوسری جانب بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں کالعدم جماعت کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرز نے ٹارگیٹڈ کارروائی کی۔ ترجمان رینجرز کے مطابق چھاپے کے دوران دہشتگردوں نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ مقابلے کے دوران 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ دو رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوئے۔ ہلاک ملزموں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ دوسری جانب کینٹ اسٹیشن کے قریب پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔