دھماکے کے بعد قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کروا دیا گیا ہے ، ایس ایس پی ملیر کی میڈیا سے گفتگو
کراچی (یس اُردو) کراچی کے علاقے گلشن حدید میں گاڑی کے قریب دھماکے میں چینی انجینئر اپنے ڈرائیور سمیت زخمی ہوگیا ۔ پولیس کو دھماکے کے مقام سے سندھو دیش لبریشن آرمی کا خط بھی ملا ہے ۔ کراچی کے علاقے گلشن حدید میں غير ملکی باشندے کی گاڑی کے قریب زوردار دھماکا ،
دھماکے سے چينی باشندہ ڈرائیور سمیت زخمی ہوگیا ۔ دھماکے کے بعد افراتفری پھيل گئی اور راہگير خوف زدہ ہوگئے ۔ ايس ايس پی راؤ انوار کا کہنا ہے کہ دھماکے کے مقام سے دھمکی آميز ايک خط بھی ملا ہے جس ميں غير ملکيوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ سندھ ميں کوئلے کے ذخائر پر قبضہ کر رہے ہیں ۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق آدھا کلو گرام دھماکا خيز مواد گرين بيلٹ پر ايک گملے ميں نصب کيا گيا تھا ۔ رینجرز نے بم دھماکے کے بعد ایکشن لیا اور علاقائی آبادی میں سرچ آپریشن کرکے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز نے چینی باشندے کو جگہ تبدیل کرنے کی ہدایت کی تھی جو اس نے نظر انداز کر دی ۔ چینی انجینئر نے پولیس کی سیکورٹی لینےسے بھی انکار کر دیا تھا ۔