کراچی کے شہریوں نے اسٹریٹ کرمنلز سے بچنے کے لئے اپنی گاڑیوں میں جدید کیمرے لگانے شروع کردیئے۔ ان کیمروں کی مدد سے ملزمان کی شناخت ہی ممکن نہیں بلکہ گاڑی کی مانیٹرنگ گھر بیٹھے بھی ممکن ہوگئی ہے۔
جرائم کی بھرمار کی وجہ سے کراچی میں گھروں، دکانوں ، بینکوں اور دفاتر سمیت اہم تجارتی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگانا عام سی بات ہے لیکن اب شہریوں نے اپنی گاڑیوں میں بھی کیمرے لگانے شروع کردیئے ہیں۔ چین سے برآمد کئے گئے ’’کار ڈی وی آر‘‘ کیمروں کی مدد سے دوران سفر سڑک کے اطراف کا جائزہ لیا جاسکتا ہے، جرائم پیشہ افراد کی وڈیو بن سکتی ہے جبکہ گاڑی ڈرائیور چلا رہا ہو تو وائی فائی کے ذریعے اس کی مانیٹرنگ گھر بیٹھے بھی ممکن ہے۔ ڈی وی آر کیمرے مارکیٹ میں دستیاب ہیں اور شہری انہیں 1800 روپے سےلے کر 10 ہزار روپے تک میں خرید سکتے ہیں۔ حال ہی میں کورنگی انڈسٹریل ایریا میں واردات کی فوٹیج گاڑی میں لگے ایسے ہی کیمرے کی مدد سے حاصل کی گئی۔ جس سے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ لاکھوں روپے کی گاڑی میں سیکورٹی کے لیے چند ہزار روپے کا کیمرا لگانا کچھ مہنگا سودا نہیں۔