عید کی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے ایسے میں بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لئے جیب کترے بھی میدان میں آگئے ہیں
کراچی (یس اُردو) کراچی کے مختلف بازاروں میں عید کی خریداری میں تیزی آتے ہی جیب تراش خواتین و مردوں کے گروہ سرگرم ہو گئے ۔ طارق روڈ بازار میں جیب کترے کی شامت آئی ، شہریوں نے رنگے ہاتھوں پکڑ کر خوب درگت بنائی لیکن پولیس کی روایتی سستی پھر آڑے آئی اور وہ چور کو پھر بھی پکڑ نہیں پائی ۔عید کی گہما گہمی عروج پر پہنچ گئی ہے ایسے میں بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے کے لئے جیب کترے بھی میدان میں آگئے ہیں ۔ ایک ایسا ہی جیب کترا کراچی کے طارق روڈ بازار میں شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا ۔ چور ہجوم کا فائدہ اٹھا کر خواتین کے پرس سے قیمتی اشیاء چرانے کی کوشش میں مگن تھا کہ پکڑا گیا۔ شہرویوں نے چور کو پکڑنے کے بعد اس کی خوب درگت بنائی ۔
اتنی دھلائی کے باوجود چور کی چستی پولیس کی پھرتی پر بھاری پڑ گئی ۔ ادھ موا ہونے کے باوجود چور ایسے دم دبا کے بھاگا کہ پھر کسی کے ہاتھ نہ آیا ۔ ایسے میں شہریوں کی حفاظت کے لئے چوکس کھڑی پولیس کہتی ہے کہ ایسا تو ہوتا رہتا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس ان جیب کتروں کو لگام دے تا کہ وہ اپنی شاپنگ سکون سے کر سکیں ۔