حادثے میں 30 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ، ریسکیو ٹیموں کی امدادی کارروائیاں جاری ، حادثے کی تحقیقات کا حکم
کراچی : کراچی میں صبح سویرے دو ٹرینیں ٹکرا گئیں ، تصادم سے 17 افراد جاں بحق اور پینتالیس زخمی ہوگئے ، فرید ایکسپریس جمعہ گوٹھ سٹیشن پر کھڑی تھی کہ پیچھے سے زکریا ایکسپریس جا ٹکرائی ، علاقہ مکینوں کے مطابق سگنل عرصے سے خراب ہے ۔ ایک اور سگنل خراب ایک اور خوفناک حادثہ ، کئی مسافر منزل کی بجائے موت کے منہ چلے گئے ۔ ریلوے کا آوے کا آوا بگڑا ہوا ہے ۔ کراچی میں لانڈھی کے قریب جمعہ گوٹھ سٹیشن ہے جہاں فرید ایکسپریس نے سٹاپ کیا ۔ اس دوران پیچھے سے زکریا ایکسپریس آئی ۔ سگنل خراب تھا اور خوفناک تصادم ہوگیا ۔ جمعہ گوٹھ سٹیشن پر قیامت صغریٰ برپا ہوگئی ، تصادم سے کئی بوگیاں پچک گئیں ، ریسکیو نے ڈبے کاٹ کر کئی مسافروں کو نکالا ۔ آرمی کی ریسکیو ٹیموں نے بھی مسافروں کو ریسکیو کیا ، زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، عباسی اور سول ہسپتال میں بھی ایمرجنسی نافذ ہے ۔ لانڈھی حادثے کے بعد کراچی سے اندرون ملک جانے اور آنے والی تمام ٹرینیں روک دی گئیں ، ریلوے حکام کا کہنا ہے ایک سگنل خراب تھا جس کے باعث ڈرائیور کو کھڑی ٹرین کا پتہ نہ چلا تحقیقات کی جا رہی ہیں ۔