کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں تیموریہ تھانے پر کریکر حملے اورفائیو اسٹار چورنگی پر فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار زخمی جبکہ ایک راہگیر جاں بحق ہوگیا۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی غربی سے رپورٹ طلب کرلی۔
کراچی میں دہشت گرد ایک بار پھر سرگرم ہوگئے۔ صبح سویرے تیموریہ تھانےپر کریکر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں پولیس کانسٹیبل
50 سالہ محمد اقبال زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش تو فائیو اسٹار چورنگی پر ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکارمحمد بشیر نے فائرنگ کردی۔ ملزمان کی جوابی فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار محمد بشیر زخمی جبکہ 25 سالہ راہگیرعلی عمران جاں بحق ہوگیا۔ڈی آئی جی غربی ذوالفقار لاڑک کے مطابق تیموریہ تھانے پرکریکر حملہ کرنے والےدو ملزمان ایک موٹرسائیکل پر سوار تھے۔ایک ملزم نے ہیلمٹ پہنا ہواتھا جبکہ دوسرے نے رومال لپیٹا ہوا تھا۔پولیس حکام کے مطابق انہی ملزمان نے فائیو اسٹار چورنگی پر فائرنگ کی۔ذرائع کے مطابق تیموریہ تھانے پر 4 سے5 ہائی ڈیفینیشن سی سی ٹی وی کیمرےنصب ہیں جو تمام کے تمام بیک وقت مرمت کے لیے گئے ہوئے ہیں جبکہ فائیواسٹار چورنگی پر کوئی سرکاری سی سی ٹی وی کیمرا نصب نہیں ۔اطراف میں لگے نجی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی غربی سے فوری طور پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔