کراچی : وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں گرمی سے ہلاکتوں کا اس طرح کا سانحہ اس سے قبل پیش نہیں آیا تاہم ہلاکتوں پر ذمہ داروں کا تعین ہونا چاہیئے۔
وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا، جس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان، وزیراعلی قائم علی شاہ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار،وزیر اطلاعات پرویزرشید اور دیگروزرا اوراعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پروزیراعظم کو کراچی میں گرمی سے اموات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی کے معاملات میں دلچسپی لینے پر وزیر اعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی کے باعث 65 ہزارسے زائد مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں لایا گیا جب کہ ایک ہزار 250 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ صوبائی حکومت نے متاثرین کی طبی امداد کے لئے ہرممکن اقدمات کئے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کراچی میں ہونے والی اموات پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس طرح اموات کی مثال نہیں ملتی، دکھ کی اس گھڑی میں حکومت متاثرہ افراد کے ساتھ ہے۔ اس سانحہ پر تمام متعلقہ ادارے جواب دہ ہیں اور اس کے ذمہ داروں کا شفاف طریقے سے تعین کیا جانا چاہیے، غفلت برتنے والے محکموں کا کڑا احتساب ہوگا۔
اجلاس کے دوران صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ نے کراچی میں مجوزہ یلو لائن اور ریڈ لائن بس سروس پر بریفنگ دی، جس پر وزیراعظم کی وفاق کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں کی مانیٹرنگ کے لیے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکام پر مشتمل یہ کمیٹی منصوبوں کی شفافیت پر نظر رکھے اور ماہانہ بنیادوں پر اپنی رپورٹ پیش کرے۔