کراچی میں پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں کالعدم تنظیم کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ تحقیقاتی حکام کے مطابق استعمال ہونے والا اسلحہ بھی ایک ہی ہے۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ یہی کالعدم تنظیمیں ماضی میں بھی شہر میں دہشت گردی میں ملوث رہی ہیں۔ اسی گروہ نے گزشتہ سال 27نومبر کو عیسی نگری کے قریب ڈان نیوز کی ڈی ایس این جی پر فائرنگ کر کے سیٹلائٹ انجینئر کو زخمی کیا تھا، جبکہ گزشتہ روز گلشن اقبال میں فائرنگ کرنے والا گروہ نیا نہیں۔
گلشن اقبال سے ملنے والے خول اس واقعے کے خول سے میچ کرگئے ہیں۔ حکام کے مطابق ضلع وسطی میں پولیس اہلکاروں کے قتل میں بھی یہی گروہ ملوث ہے۔ ہفتے کو نارتھ ناظم آباد میں پولیس اہلکار اور 25ستمبر کو ٹریفک پولیس کے سب انسپکٹر کو قتل کیا گیا۔