محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔دوسری طرف ملتان اور گرد و نواح میں اسموگ اور دھند کا راج ختم ہو گیا ہے اور ہلکے بادل منڈلا رہے ہیں۔ادھرکوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسم خشک جبکہ بعض مقامات پر سردہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے۔
ملتان شہر اور گرد و نواح میں دھند اور اسموگ کا سلسلہ عارضی طور پر ختم ہو گیا ہے جو کسی بھی وقت دوبارہ شروع ہو سکتا ہے جبکہ ہلکے بادل موجود ہیں تاہم بارش کا آئندہ چند روز تک کوئی امکان نہیں ہے۔
ملتان اور گرد و نواح میں کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو زیادہ سے زیادہ 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد رکارڈ کیا گیا ہے ۔
موٹر وے پولیس کے مطابق لاہور اور بہاول پور روڈ پر حد نظر 1 کلومیٹر تک ہے اور ٹریف کا نظام معمول کے مطابق چل رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں موسم خشک ہے، کم سے کم درجہ حرارت تین ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا،وادی میں صبح اور رات کےوقت درجہ حرارت میں کمی آجاتی ہے اور موسم سرد ہوتا ہے، ادھر قلا ت میں کم سےکم درجہ حرارت منفی تین ریکارڈ کیا گیا، جہاں موسم سرد اور خشک ہے۔
صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم کی صورت حال کے مطابق دالبندین میں کم سے کم آٹھ،خضدار میں 11،ژوب میں 12، سبی میں14 اور گوادر میں کم سے کم 19 ڈگری سنٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبے کے شمالی علاقوں میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔