کراچی کے علاقے اورنگی ٹاون نمبر ایک میں کپڑے کے گودام میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا اور ضروی سامان جل گیا، جبکہ آگ بجھانے کی کوشش کے دوران گودام کا مالک جھلس کر زخمی ہوگیا ہے۔
آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ابتداء میں 2فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے اور آگ بجھانے کا عمل شروع کیا، تاہم آگ میں شدت ہونے کے باعث مزید 2فائر ٹینڈر اور ایک واٹر باوزر کو موقع پر بھیجا گیا۔ موقع پر ریسکیو ٹیمیں بھی پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کی گئی جبکہ آگ بجھانے کی کوشش کے دوران گودام کا مالک ارشد بھی جھلس کرزخمی ہوگیا، جس کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائربریگیڈ عملے کو ایک گھنٹے سے زائد کا وقت لگا اور اس دوران گودام میں رکھا سارا سامان جل گیا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی اور آگ بجھانے کےعمل میں 4فائر ٹینڈراورایک واٹر باوزر نے حصہ لیا اور آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔