کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ کراچی میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے.
کراچی ایئرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کے دوران ریحام خان کا کہنا تھا کہ وہ کراچی ہلاکتوں پرسیاست کرنے نہیں انسانی ہمدردی کے لئے آئی ہیں، کراچی میں سیکڑوں لوگ گرمی سے جاں بحق ہوگئے لیکن صوبائی حکومت نے اپنی ذمےداری قبول نہیں کی، قدرتی آفات کا یہ مطلب نہیں کہ حکومت ہاتھ پرہاتھ رکھ کر بیٹھ جائے۔
حکومت اگرامداد پرچلے گی تو کوئی بھی کام ڈھنگ سےنہیں ہوگا انہوں نے کہا کہ جس طرح تھر میں بھی لوگوں کو نظرانداز کیا گیا اسی طرح کراچی کے عوام کو بھی نظر انداز کیا جارہا ہے،اگرسارے کام فلاحی اداروں کو ہی کرنا ہیں تو صوبائی اور وفاقی حکومت کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔
بعد ازاں ریحام خان نے جناح اسپتال کا دورہ کیا جہاں انہوں نے لولگنے کے باعث زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے تفصیلی معلومات حاصل کیں۔