کراچی کے علاقے کلفٹن میں افغان قونصل خانے میں سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سےسفارت کار محمد ذکی جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ میں ملوث ملزم کو حراست میں لےلیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقے کلفٹن میں افغان قونصل خانے کے اندر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمد ذکی کے نام سے ہوئی ہے جو افغان قونصل خانے کا تھرڈ سیکرٹری بتایا جاتا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے بھی افغان قونصل خانے کو گھیرے میں لے لیا تھا۔ دوسری جانب ڈی آئی جی ساؤتھ آزاد خان کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے اور فائرنگ کرنے والا گارڈ افغان شہری راحت اللہ ہے جسے حراست میں لے لیا گیا۔ گارڈ نے فائرنگ افغان قونصل خانے کی لابی میں کی۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے ایس ایم جیز کے25خول بھی تحویل میں لےلیے ہیں اور آئی جی سندھ بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ جاں بحق تھرڈ سیکریٹری کی لاش کو ضابطہ کی کارروائی کےلیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیاہےجبکہ ترجمان قونصل خانے حارث خان نے بھی واقعہ کی تصدیق کردی ہے اور یہ بھی تصدیق کی ہے کہ واقعہ کے بعد قونصل خانے کو کلیئر کرالیا گیا ہے۔