اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور سیکیورٹی فورسز نے کراچی سے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا جسے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ عمران فاروق قتل کیس برطانیہ کے لئے ہی نہیں بلکہ پاکستان کے لئے بھی امتحان بنا ہوا تھا اور اس حوالے کراچی سے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جسے کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس سے متعلق جتنی معلومات تھی ان سے اسکاٹ لینڈ یارڈ کو آگاہ کیا جاتا ہے اور امید ہے کہ کیس منطقی انجام تک پہنچے گا جب کہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے معاملے پر کل یا پرسوں جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنادی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ڈٓاکٹرعمران فاروق قتل کیس کے مرکزی ملزم کا نام معظم علی خان ہے جسے سیکیورٹی فورسز نے 2 روز قبل عزیزآباد سے گرفتار کیا گیا تھا جب کہ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈاکٹرعمران فاروق کو قتل کرنے والے دو طالبعلموں کو معظم علی خان کی کمپنی نے ویزا لگوا کر برطانیہ بھجوایا تھا۔