کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کراچی میں دیر پاامن و امان کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔
شاہد خاقان عباسی نے کراچی پہنچنے کے بعد گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنرہاؤس میں ملاقات کی اور اس دوران صوبے کی صورتحال،امن و امان ، وفاق کے تحت جاری منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت، معاشی، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ عوام کی جان و مان کا تحفظ اور انھیں ہر قسم کی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وفاق پورے ملک کی یکساں ترقی کے وژن پر گامزن ہے اس ضمن میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے کیونکہ جدید دور کی معیاری سہولیات عوام کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے جس کی ترقی وخوشحالی کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہو تے ہیں ،کراچی میں دیر پاامن و امان کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ملاقات میں گورنرسندھ نے وزیر اعظم پاکستان کو صوبے کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ امن و امان کے قیام سے معاشی ،اقتصادی ، تجارتی ، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں تسلسل سے اضافہ ہو رہا ہے ، نجی سیکٹر کے فعال کردار سے لوگوں کو روزگار حاصل ہو رہا ہے جس سے صوبے میں غربت کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں،صنعتکار،تاجر اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈر ز کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ بھی جاری ہے، ہر ایک صوبے کی ترقی و خوشحالی کا خواہشمند ہے اس سلسلے میں شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کراچی ترقیاتی پیکج کے منصوبے تشکیل دیے گئے ہیں۔
محمد زبیر نے کہا کہ حیدرآباد ، جیکب آباد ، ٹھٹھہ ،ٹنڈو محمد خان، نوشہروفیروز اور کراچی میں وفاقی منصوبوں کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے، یہی وجہ ہے کہ کراچی ترقیاتی پیکج اور وفاق کے تحت جاری دیگر منصوبوں کو عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ گورنر محمد زبیر نے کہا کہ وفاق کی معاشی پالیسی کے سب سے زیادہ مثبت نتائج صوبہ سندھ سے حاصل ہو رہے ہیں ، معاشی ، اقتصادی ،تجارتی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں بتدریج اضافہ اس کا واضح مظہر ہے۔