کراچی: گورنرسندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ کراچی سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل شہر بن چکا ہے جب کہ کراچی کو ملک کا معاشی حب ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
کراچی میں گورنرہاؤس میں گورنر سندھ محمد زبیر سے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو کی ملاقات ہوئی. ملاقات کے دوران برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر بیلنڈا لوئس بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں مختلف شعبوں میں پاک برطانیہ اقتصادی تعاون، صوبہ میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اورباہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں برطانیہ کا تعاون قابل تحسین ہے، کراچی سرمایہ کاری کے لئے آئیڈیل شہر بن چکا ہے جب کہ بڑے صنعتی مراکزاورکاروباری اداروں کے باعث کراچی کو ملک کا معاشی حب ہونے کا اعزازحاصل ہے۔
گورنرسندھ نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کی آمد سے پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر ہوگا، دونوں ممالک کے مابین باہمی تجارت میں مزید اضافہ کے لئے جامع کوششوں کی ضرورت ہے جس پر تھامس ڈریونے کہا کہ برطانیہ صوبہ میں بنیادی سہولیات کے ڈھانچہ کی فراہمی میں تعاون جاری رکھے گا۔