کراچی (جیوڈیسک) سینٹرل جیل کراچی میں قتل کے مجرم شفقت حسین کو آج صبح دی جانے والی پھانسی غیرمعینہ مدت تک موخر کر دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکریٹری داخلہ شاہد خان وزیر داخلہ کی تحریری درخواست لے کر ایوان صدر گئے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شفقت حسین کی سزائے موت موخر کر دی گئی ہے۔
اسٹاف رپورٹرکے مطابق شفقت کو 2004 میں سزائے موت سنائی گئی تھی، وقوعہ کے وقت شفقت کی عمر کم ہونے کی وجہ سے پھانسی کے خلاف کراچی سمیت مختلف شہروں میں مظاہرے بھی کیے گئے۔ جیل ریکارڈ کے مطابق شفقت حسین ولد شاہ زمان کے خلاف نیو ٹائون تھانے میں قتل اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ الزام نمبر 136/2004 درج کیا گیا۔
9 جنوری 2004 کو انسداد دہشت گردی کی کورٹ نمبر 3 نے سزائے موت کے علاوہ ایک لاکھ روپے جرمانہ اور عدم ادائیگی پر 5 برس قید کا حکم دیا، سپریم کورٹ نے 8 اکتوبر 2007 کو اپیل مسترد کردی جبکہ 8 دسمبر 2007 کو نظر ثانی اپیل بھی مسترد کردی گئی، صدر مملکت نے18 اگست 2013 کو رحم کی اپیل بھی مسترد کردی لیکن اس دوران ملک میں پھانسی کی سزا پر عملدرآمد نہیں کیا جارہا تھا۔