کراچی کے علاقے اختر کالونی میں اسکول کے پانی کے ٹینک میں گر کر 6 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی، لواحقین کا کہنا ہے کہ واقعہ اسکول انتظامیہ کی غفلت کے باعث پیش آیا۔
کراچی: (یس اُردو) اختر کالونی میں تعلیم کے حصول کے لئے اسکول جانے والی معصوم بچی اسکول انتظامیہ کی مبینہ غفلت سے موت کا شکار ہو گئی۔ کلا س اول کی طالبہ 6 سالہ سائرہ اسکول کے ٹینک میں گری اور ڈوب کر جاں بحق ہو گئی۔ سائرہ کے والد کے مطابق اسکول میں تعمیراتی کام کے دواران ٹینک کا ڈھکن کھلا ہوا تھا۔معصوم سائرہ کی موت کا پتہ چلتے ہی اس کی والدہ شدت غم سے نڈھال ہو گئی اور بار بار اپنی بچی کو پکارتی رہی۔ لواحقین کے مطابق اسکول انتظامیہ کئی گھنٹوں تک بچی کے ٹینک میں گرنے سے متعلق بے خبر رہی اور اسے گرد و نواح میں تلاش کرتی رہی جبکہ بچی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق بچی ڈیڑھ گھنٹے تک ٹینک میں ڈوبی رہی، اس کی موت دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔ گزشتہ ماہ بھی اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں شادی ہال میں پانی کے ٹینک سے ایک بچی کی لاش ملی تھی