کراچی (یس ڈیسک) گلشن اقبال میں مبینہ مقابلے کے دوران 2 روز پہلے ہلاک ملزم انسپکٹر ذیشان کاظمی قتل کیس میں ملوث نکلا، جبکہ نیو کراچی میں کارروائی کرکے 22 افراد کے قتل میں ملوث سیاسی جماعت کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق منگل کو گلشن اقبال میں مقابلے کے دوران ہلاک شخص کی شناخت سونہار وکنسارو کے نام سے ہوئی۔
ملزم نے 11 برس پہلے فیروزآباد میں انسپکٹر ذیشان کاظمی کو ساتھیوں کے ساتھ مل کرقتل کر دیا تھا۔ دوسری جانب اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ حکام نے 22 افراد کے قاتل کی گرفتاری بھی ظاہر کر دی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ملزم فرقان قادر مذہبی تنظیم کا سیکٹر انچارج ہے اور ملزم نیو کراچی ڈویژن کے تھانوں میں پولیس اہلکار کے قتل سمیت سیاسی و مذہبی جماعت کے کارکنوں کے قتل میں بھی ملوث ہے۔