کراچی میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف لیڈی ہیلتھ ورکرز نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب احتجاج کیا، وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے تنخواہوں کی جلد ادائیگی کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کردیا گیا۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف کراچی میں پی آئی ڈی سی سگنل کے قریب احتجاج کیا۔اس موقع پر سندھ سیکریٹریٹ سے واپسی پر وزیر اعلیٰ سندھ نے مظاہرہ کرنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کے نمائندوں سے اس سلسلے میں معلومات حاصل کیں۔ان کا کہنا تھا کہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فوری ہدایت جاری کی جاچکی ہے، جب تک روڈ بلاک رہے گا مذاکرات ممکن نہیں۔وزیر اعلیٰ سندھ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کے 9 رکنی وفد کو مذاکرات کے لیے وزیر اعلیٰ ہاؤس طلب کرلیا۔مذاکرات میں وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو، سیکریٹری ہیلتھ فضل اللہ پیچوہو، پرنسپل سیکریٹری سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔مذاکرات میں وزیر اعلیٰ سندھ نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کو جمعے تک تنخواہوں کی ادائیگی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت آپ کے مسائل حل کررہی ہے اور آپ صوبے سے پولیو کے خاتمے میں حکومت کی مدد کریں۔وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے تنخواہوں کی جلد ادائیگی کامطالبہ تسلیم کرنے کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکرز نے احتجاج ختم کردیا۔