کراچی (یس ڈیسک) ملیر کے علاقے داؤد گوٹھ میں جوئے کے اڈے پر دستی بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 15 زخمی ہو گئے۔
ملیر کے علاقے داؤد گوٹھ میں نامعلوم ملزمان جوئے کے اڈے پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے پھٹنے سے ایک شخص ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ایک درجن سے زائد زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جناح اسپتال کی شعبہ حادثات کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق اسپتال میں 16 زخمیوں کو لایا گیا جن میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جب کہ ایک زخمی بچہ کی حالت تشویشناک ہے تاہم زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
دوسری جانب ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کے ساتھیوں نے منا بروہی کے جوئے کے اڈے پر دستی بم پھینکا جب کہ منا بروہی کا تعلق بابالاڈلہ گروپ سے ہے اور دستی بم سے حملہ دونوں گروپوں کے درمیان پائی جانے والی رنجش کا نتیجہ لگتا ہے۔