جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کراچی، حیدر آباد، سکھر اور کوئٹہ میں موبائل فون سروس بند کر دی گئی۔ موبائل سروس رات 8 بجے تک بند رہے گی۔ کوئٹہ میں آج موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔
سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد کے اعلان کے مطابق سندھ کے تینوں شہروں کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں موبائل فون سروس صبح 8بجے سے رات 8 بجے تک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ آج عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں جلسے جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلسے جلوس کے اطراف سیکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔ ان جلسے و جلوس کے اطراف میں حکومت نے موبائل فون سروس بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت کراچی، راولپنڈی، حیدر آباد اور سکھر میں موبائل فون سروس کی سہولت عارضی طور پر معطل کی گئی ہے۔