کراچی (یس ڈیسک) الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے ایم کیو ایم نے عائشہ منزل سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے شاہراہ قائدین پہنچے۔ رابطہ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج عامر خان اور حیدر عباس رضوی نے موٹر سائیکل پر ریلی میں شرکت کی۔ شاہراہ قائدین پر جلسے کا اہتمام کیا گیا جہاں خواتین اور بچوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ خواتین کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی اس بات کا حق نہیں کہ وہ ان کے قائد کی توہین کرے۔ خواتین نے کہا کہ عمران خان کو دماغی علاج کی ضرورت ہے۔
اگر انہوں نے الطاف حسین کے خلاف مزید نازیبا زبان استعمال کی تو انہیں منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ایم کیو ایم کے رہنماء خالد مقبول کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کیخلاف ہر دور میں سازشیں ناکام ہوئیں۔ ہم عمران خان کا اصل چہرہ بے نقاب کریں گے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ عمران خان نے قومی یکجتی کو پارا پارا کرنے کی کوشش کی۔
کیا پی ٹی آئی چیئرمین بانیان پاکستان سے مناظرے کا چیلنج قبول کریں گے؟۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ عمران خان نے ہر لیڈر کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی۔ اگر ایم کیو ایم کے جلسے بندوقوں کے زور پر دکھائے جاتے ہیں تو کیا دھرنا توپوں کے زور پر دکھایا گیا؟۔
بابر غوری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان کے چمن کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ کراچی میں ان کا جلسہ بھی نہیں ہونے دیں گے۔ رؤف صدیقی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو خیبر پختونخوا میں الیکشن طالبان نے جتوایا۔