این اے 245 کے ضمنی الیکشن کا معرکہ نزدیک آتے ہی کارکنوں کے جوش و خروش میں اضافہ ، ڈنڈوں اور پتھروں کا استعمال
کراچی (یس اُردو) کراچی میں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکن آمنے سامنے آ گئے ، دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر حملے اور کارکنوں کو زخمی کرنے کا الزام لگا دیا ، عمران خان کہتے ہیں جواب دیا جائے گا ۔ این اے 245 کے ضمنی الیکشن میں فوج اور رینجرز تعینات کی جائے ۔ متحدہ رہنما ریحان ہاشمی کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی رہنما سوشل میڈیا پر پرتشدد بیانات دے کر شہریوں کو اکسا رہے ہیں ۔ کراچی میں این اے 245 کے ضمنی الیکشن کا معرکہ قریب آتے ہی گرما گرمی بھی بڑھ گئی ۔ فائیو سٹار چورنگی میں ایم کیو ایم اور جنون میں آمنا سامنا ، پتھراؤ اور ڈنڈے چلنے سے متعدد زخمی ہو گئے جبکہ گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ ایم کیو ایم کے رہنما ریحان ہاشمی کا کہنا ہے کہ حیدری کے جلسے میں شرکت کیلئے آنے والوں پر پی ٹی آئی نے حملہ کیا ۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر موجود ہے ، چاہتے ہیں کہ انتخابات پر امن ہوں ۔ تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی پر حملہ کیا گیا ۔ کراچی میں خوف کا بت توڑیں گے ۔ اپنے ٹویٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان متحدہ پر برس پڑے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے پی ٹی آئی آفس پر حملہ اور کارکنوں پر فائرنگ کی ، جواب دیا جائے گا ، ضمنی الیکشن میں فوج اور رینجرز تعینات کی جائے ۔