کراچی : متحدہ قومی موومنٹ نے بلدیاتی انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کرکے ایک بار پھرسے اپنی برتری ثابت کردی، عوام کی اکثریت نے دوبارہ ایم کیوایم پر اعتماد کااظہار کیا جب کہ پنجاب میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق 12 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں (ن) لیگ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بلدیاتی انتخابات میں کراچی کے شہری علاقوں کی 207 یونین کمیٹیزمیں سے ایم کیوایم نے 138 یونین کمیٹیزمیں فتح حاصل کرلی ہے، دیہی علاقوں کے بلدیاتی نظام ڈسٹرکٹ کونسل کراچی میں پیپلزپارٹی کے 9 ممبر ڈسٹر کٹ کونسل منتخب ، ضلعی چیئرمین پیپلزپارٹی کامتوقع ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں دیگر جماعتوں کے بڑے بت پاش پاش ہوگئے، کراچی کی میئرشپ کی دوڑ میں شامل جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن، پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم، تحریک انصاف کراچی کے آرگنائزر علی زیدی شکست کھاگئے۔ غیرسرکاری نتائج کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدودمیں پیپلزپارٹی نے 13 یونین کمیٹیزکے چیئرمین وائس چیئرمین، مسلم لیگ (ن)8 تحریک انصاف7،جماعت اسلامی 6، آزاد امیدوار 10 ،جمعیت علمائے اسلام نے 2 نشستیں حاصل کیں۔
انتخابات میں ایم کیوایم نے کلین سوئپ کرتے ہوئے اپنے ماضی کے ریکارڈ کوبھی توڑ دیا،ایم کیوایم کی فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق شہرکی 207 یونین کمیٹیز میں سے 138 یونین کمیٹیزکے چیئرمین وائس چیئرمین نشستیں جیت لی ہیں،ایم کیوایم وارڈز کونسلرز بھی بڑی تعداد میں کامیاب ہوئے ہیں، چیئرمین ووائس چیئرمین کی نشستوں کیلیے ضلع وسطی میں 51 یونین کمیٹیز میں سے ایم کیوایم نے 50 یوسیز پر کامیابی حاصل کرلی، ضلع شرقی کی 19 یونین کمیٹیز میں فتح حاصل کرلی، ضلع کورنگی میں 33 یونین کمیٹیز،ضلع غربی میں 21، ضلع ملیر کی شہری حدودمیں 5 یونین کمیٹزاور ضلع جنوبی میں 10 یونین کمیٹیز میں فتح حاصل کرلی،شہری علاقوں کی حدود میں ہونے والے انتخابات میں چیئرمین نشستوں پر ایم کیوایم کے ریحان ہاشمی، ڈاکٹر ارشد وہرہ ،وسیم اختر، ناصر عباس، شاہد خان، عدنان خان، بشیر احمد، نوشاد خان، فضل حسین ودیگر کامیاب رہے۔
پیپلزپارٹی کواپنے سیاسی گڑھ لیاری میں کئی نشستوں پر شکست کا سامنا کرناپڑا تاہم مجموعی طور پر 13 یونین کمیٹیزمیں چیئرمین وائس چیئرمین کا پینل کامیاب ہوگیا جن میں نور خان برفت، ، بلوچ خان گبول، حاجی غفور، فیصل احمدحاجی الطاف، فرحان غنی شامل ہیں تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی، شاہنواز جدون ، شجاعت علی خان، افسر خان خٹک، جماعت اسلامی کے محمد حنیف، غلام حسین ودیگر ، مسلم لیگ(ن) کے ملک فضل الہی، سالار خان ودیگر جیت گئے ہیں،ضلع جنوبی کے لیاری زون کی یونین کمیٹی 16 سے آزادامیدوارفہیم بلوچ چیئرمین اور علی نواز وائس چیئرمین نشست پر کامیاب ہوگئے۔ آزاد امیدواردیگر نشستوں پر بھی کامیاب ہوئے ہیں، ڈسٹرکٹ کونسل کراچی سے رات گئے آنے والے غیرسرکاری نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے 9ممبر ڈسٹرکٹ کونسل منتخب ہوگئے جن میں رفیق دائودجت جوپیپلزپارٹی کی جانب سے متوقع ضلعی کونسل کے چیئرمین ہیں، دیگر پی پی پی کے ممبر ڈسٹرکٹ کونسل میں میرعباس تالپور، اختر حسین عارفانی، نذیر بھٹو، تابش اصغروغیرہ جیت گئے ہیں،ڈسٹرکٹ کونسل کراچی سے پیپلزپارٹی 5 چیئرمین ،وائس چیئرمین کی نشستوں پر کامیاب ہوئے ہیں۔بلدیاتی الیکشن میں ووٹر ٹرن آئوٹ 30 سے 40 فیصد رہا۔
دوسری جانب پنجاب سے بھی نتائج کا سلسلہ جاری ہے اوراب تک کے نتائج کے مطابق12 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں ن لیگ نے سب کوپیچھے چھوڑدیاہے غیر حتمی اورغیرسرکاری نتائج کے مطابق 12 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ ن نے اب تک 829 نشستیں حاصل کرلی ہیں، کوئی دوسری جماعت ن لیگ کے قریب بھی نہیں پہنچی،دوسرے نمبر پر آزاد امیدوارہیں جواب تک 825 نشستیں جیت چکے ہیں۔ تحریک انصاف 201 ،پیپلزپارٹی 117 اورجماعت اسلامی 03 نشستیں جیتی ہے۔راولپنڈی میں یوسی 40 سے شیخ رشیدکے بھتیجے راشد شفیق کامیاب ہوئے۔ یوسی ایک سے مسلم لیگ ن کے عمرمشتاق اوریوسی 12 سے بھی مسلم لیگ ن کے راجا ارشدجبکہ یوسی 55 سے بھی ن لیگ کے راجا ساجد سرورکامیاب ہوئے۔ یوسی 18 میں بھی ن لیگ کے عابد حسین عباسی نے میدان مارا۔جھنگ میں بھی شیر کو کامیابی ملی ہے۔ لیگی ایم این اے شیخ اکرم کے تینوں بیٹے کونسلر بن گئے۔
میونسپل کمیٹی لیہ کے 20 وارڈزمیں سے 12 آزاد امیدوار ، ن لیگ 7 اور تحریک انصاف کی ایک نشست حاصل کر سکی۔میونسپل کمیٹی احمد پورسیال جھنگ کے 12 وارڈزمیں ن لیگ 9، آزاد امیدواروں نے 3 نشستیں حاصل کیں۔ میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے تمام 13 وارڈزمیں ن لیگ 8، آزاد امیدواروں نے 5 نشستیں حاصل کیں۔ میونسپل کمیٹی نارووال کے تمام 25 وارڈزسے آزاد 13، ن لیگ 11، تحریک انصاف نے ایک نشست حاصل کی۔ جتوئی میونسپل کمیٹی کی وارڈ 12 سے ن لیگ کے ایم پی اے خان محمدجتوئی کی بیوی رضیہ جہانگیر کامیاب ہو گئی۔ ملتان میونسپل کارپوریشن کی یوسی 32 سے ایم این اے ملک عامر ڈوگر کے بھائی عدنان ڈوگر کامیاب ہوگئے۔ لیہ کی میونسپل کمیٹی چوبارہ کی وارڈ 8 سے سابق وزیراحمدعلی اولکھ کے صاحبزادے عثمان اولکھ کامیاب ہوئے۔ عثمان اولکھ نے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پرحصہ لینے والے اپنے سسر افتحار احمد کو ہرایا۔