ایم کیو ایم کے اراکین سندھ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے خلاف قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرا دی، قرارداد میں پرویز خٹک کی جانب سے ملک کے خلاف بیانات دینے پر آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
کراچی: ایم کیو ایم کے اراکین سندھ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے خلاف قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرا دی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی پرویز خٹک نے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیانات دیئے، انہوں نے صوبائیت کو ابھارنے، پاکستانیوں کو دست و گریباں کرنے اور خاکم بدہن ملک کا حشر نشر کرنے کی دھمکیاں دیں۔ قرارداد میں صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ وفاقی حکومت تک رائے پہنچائے اور وطن عزیز کے خلاف ادا کئے گئے گستاخانہ کلمات جو کہ پاکستان سے غداری کے زمرے میں آتے ہیں کی بنیاد پر پرویز خٹک کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت فوری کارروائی کے اقدامات کئے جائیں۔