کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کی تکمیل کے لیے ناظم آباد فلائی اوور اتوار کو گرا دیا جائے گا ۔
دو رویہ فلائی اوور کو دو مراحل میں گرایا جائے گا، حکام کے مطابق حیدری سے گلبہار کی طرف آنے والے فلائی اوور کو گرانے کی تیاریاں مکمل ہوگئیں، اگلے مرحلے میں ناظم آباد سے بورڈ آفس جانے والے پُل کو گرایا جائے گا۔
کراچی انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمپنی کا کہنا ہے کہ دونوں پل گرانے میں 1ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔
ڈی سی سینٹرل فریدالدین مصطفیٰ اس حوالے سے کہتے ہیں کہ شہریوں کیلئے متبادل سڑک تیار کرلی ہے،ٹریفک پولیس نے پل گرانے کے لیے کلیئرنس دے دی ہے۔
حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ 17اعشاریہ 8کلومیٹرطویل گرین لائن منصوبہ 16ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہوگا، منصوبے پر وفاقی حکومت کے تعاون سے کام ہو رہا ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ گرین لائن بس سرجانی ٹاؤن سے جامع کلاتھ مارکیٹ تک چلائی جائے گی،یہ منصوبہ 2017ء کے وسط تک مکمل ہوگا۔