کراچی (یس ڈیسک) وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ یہ کہنا غلط ہے کہ ایم کیو ایم حکومت کا حصہ نہیں کیوں کہ گورنر سندھ 12 سال سے بیٹھے ہیں جن کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا یہ کہنا غلط ہے کہ وہ حکومت کا حصہ نہیں کیوں کہ متحدہ قومی موومنٹ بلاواسطہ یا بلواسطہ حکومت کا حصہ ہے اور گزشتہ 12 سال سے گورنر سندھ کے عہدے پر فائز شخص اسی جماعت کا فرد ہے اور وہ تمام حکومتی فیصلوں سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم جب حکومت میں ہوتی ہے تو انہیں سب اچھا لگتا ہے اور جب حکومت میں نہیں ہوتی تو الزامات لگاتی ہے جب کہ الطاف حسین کی جانب سے مارشل لا کا مطالبہ غیر سنجیدہ رویہ ہے اور اگر فوج آئی تو سب سے زیادہ شور بھی ایم کیو ایم مچائے گی۔
وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ کراچی آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں دہشتگرد گرفتار ہورہے ہیں جب کہ رینجرز اور پولیس کے ایکشن پر ایم کیو ایم کی جانب سے الزامات لگائے جاتے ہیں تاہم گورنر سندھ ایم کیو ایم سے ہیں اور وہ تمام فیصلوں کا حصہ ہوتے ہیں اس لئے حکومت پر الزامات لگانا درست نہیں اور اگر کوئی شکوہ شکایت ہے تو اسمبلی میں پیش کئے جائیں۔