کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کہا گیا کہ کراچی میں کارکنوں کے مبینہ قتل اور گرفتاریوں پر شدید تحفظات رہے ہیں۔
متحدہ سینیٹ، قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی میں کراچی آپریشن اور کارکنوں کی گرفتاریوں پر مسلسل احتجاج کرتی رہی ہے۔ دو روز قبل ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی قومی اسمبلی میں قتل اور گرفتار ہونے والے مبینہ کارکنوں کی فہرست پیش کی اور متحدہ نے احتجاجاً قومی اسمبلی کے ایوان سے واک آوٹ بھی کیا تھا۔
ایم کیو ایم وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سمیت اعلٰی حکومتی ذمہ داران کو بھی اپنے تحفظات سے آگاہ کرتی رہی ہے۔ رابطہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ان تحفظات کی بنیاد پر تمام ایوانوں سے استعفے دینے کیا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیو ایم اراکین قومی اسمبلی آج استعفے جمع کروائیں گے جبکہ سینیٹ اور سندھ اسمبلی سے بھی مرحلہ وار استعفے دیئے جائیں گے۔ متحدہ کے قائد الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کر دی ہے۔