کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن میں 22افراد کو حراست میں لیا ہے۔
گلبہار، فردوس کالونی اور حاجی مرید گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن لیاری گینگ وار کے کارندے سلیم چاکلیٹی اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے کیا گیا، لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ موسیٰ کالونی، اتحاد ٹاؤن میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا، جس میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ ایس پی گلبرگ کے مطابق آپریشن کے دوران داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے تلاشی لی گئی اور 22 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ دوسری جانب پولیس نے خواجہ اجمیر نگری میں کارروائی کرکے ایک ملزم عمران کو گرفتار کیا ہے، عمران 4 روز قبل دودھ کی دکان میں ڈکیتی کی واردات میں ملوث تھا، واردات کے دوران اس نے دکاندار کو زخمی بھی کیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے ایک ساتھی کو واردات کے وقت گرفتار کیا تھا۔ سول اسپتال اور اورنگی ٹاؤن کے علاقے مومن آباد میں پولیس نے کارروائی کرکے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا جن میں اسٹریٹ کرمنل، چور اور کرایہ دار ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے شامل ہیں۔