کراچی (یس ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی کے کسی بھی اسکول پر آرمی پبلک اسکول پر حملے جیسا کوئی واقعہ ہوا تو حکمراں اس کے ذمہ دارہوں گے۔
الطاف حسین نے کہا کہ پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر طالبان دہشت گردوں کے سفاکانہ حملے اور معصوم بچوں کے قتل عام کے بعد دہشت گردوں کی جانب سے کراچی میں بھی اسکولوں پر دہشت گردوں کے حملوں کاخطرہ تھا لیکن اس کے باوجود بھی صوبائی حکومت کی جانب سے کراچی کے اسکولوں کے تحفظ اور کراچی کے اسکولوں کے معصوم بچوں کو دہشت گردوں کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لئے مناسب اقدامات نہیں کئے گئے، درندہ صفت دہشت گردوں نے گلشن اقبال بلاک 7میں اسکولوں پر دستی بم پھینکے اور باآسانی فرار ہوگئے۔
الطاف حسین نے کہا کہ جو دہشت گرد اسلام کے نام پر اسکولوں کے معصوم بچوں کو اپنی دہشت گردی کانشانہ بنارہے ہیں وہ کسی صورت اسلام اور مسلمانوں کے دوست نہیں، یہ سفاک عناصر انسانیت کے کھلے دشمن ہیں او ریہ عناصر کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
اگر خدانخواستہ کراچی کے کسی بھی اسکول پرآرمی پبلک اسکول پر حملے جیسا کوئی واقعہ ہواتو حکمراں اس کے ذمہ دارہوں گے۔ حکومت اور تمام قانون نافذکرنے والے ادارے کراچی میں اسکولوں کے تحفظ کیلئے فی الفور اقدامات کریں، اسکولوں کے اساتذہ کو فی الفور اسلحہ کے لائسنس دیے جائیں اور ریاستی وسائل کو بروئے کار لاکر ان دہشت گردوں کا قلع قمع کیا جائے۔