counter easy hit

کراچی میں پولیس کی کارروائیاں، 5 دہشت گرد ہلاک

Karachi Police

Karachi Police

کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دیں۔ رات بھر شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں اور سرچ آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں کے 5 دہشت گرد مارے گئے،بارود بنانے کا کارخانہ بھی پکڑا گیاجبکہ غیر ملکیوں سمیت 24 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر اورنگی ٹاؤن کے علاقے طوری بنگش کالونی میں کارروائی کی گئی اس دوران دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں2 دہشت گرد مارے گئے، جن کی شناخت کامران اورزبیر کے نام سے ہوئی ہے۔

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور بڑی مقدار میں بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔مظہر مشوانی نے انکشاف کیا کہ ملزمان نے بارودی مواد بنانے کا کارخانہ لگا رکھا تھا۔ اس سے پہلے منگھو پیر کے علاقے غازی گوٹھ میں مبینہ مقابلے میں کالعدم تنظیم کے 3دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا۔

ملزمان کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ادھر اورنگی ٹاؤن پولیس نے مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پرمومن آباد میں فرید پہاڑی نامی علاقے میں کارروائی کر کے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں سمیت 10 افراد کو گرفتار کر لیا۔

اس کے علاوہ سائٹ کے مختلف علاقوں ہارون آباد، پرانا گولیمار، پٹھان کالونی اور پاک کالونی میں پولیس نے آپریشن کر کے غیر ملکیوں سمیت کئی افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا۔

رات گئے بلدیہ ٹاؤن کے علاقوں اتحاد ٹاؤن اور مدینہ کالونی میں سرچ آپریشن کیے گئے۔ ایس پی بلدیہ ٹاؤن اعجاز ہاشمی کے مطابق پولیس نے کارروائی کر کے کئی غیر ملکیوں سمیت 24 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔