کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران اغوا کار پولیس افسر سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ پی آئی بی کی کرنال بستی میں دو ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے ۔عزیز آباد میں ہنگامہ آرائی کرنے والے ایم کیو ایم لندن کے 7 کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
ڈاکس پولیس نے ماڑی پور روڈ پر فشریز کے تاجر کو اغوا کرنے والے دو ملزمان بندل شاہ اور اس کے ڈرائیور بوٹا کو گرفتار کرلیا ۔
گرفتار ملزم بندل شاہ رضویہ تھانے کا انویسٹی گیشن افسر ہے ۔مغوی تاجر دلشاد کے مطابق دو لاکھ روپے تاوان کی رقم دینے پر ملزمان اسے رہا کرنے پر راضی ہوئے ۔
اس موقع پر کچھ روز قبل اغوا اور پھر رہائی پانے والے تاجر امیر حسین نے بتایا کہ اس سے بھی رہائی کے عوض ایک کروڑ روپے مانگے گئے تھے اور 5 لاکھ روپے پر رہائی طے ہوئی تھی ۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے دیگر ساتھیوں کی تلاش کی جارہی ہے۔ایس پی گلشن ڈاکٹر فہد کے مطابق انتہائی مطلوب ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کرنال بستی میں چھاپا ماراگیا ۔
چھاپے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان ضیا عرف پٹھان اور عدنان عرف لقوہ ہلاک ہوگئے،ہلاک ملزمان کا تعلق بدنام زمانہ منشیات فروش درویش سے تھا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی ملا ہے ۔
دوسری جانب لیاری کے علاقے بغدادی سے لیاری گینگ وار کے دو مبینہ ڈاکو فرحان اور فہیم کو گرفتا کیا گیا۔کورنگی ڈھائی نمبر سےدو ملزمان کو زخمی حالت میں پکڑ ا گیا اور حب ریور روڈ سے خاتون سمیت تین ملزمان جبکہ چھ دیگر منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔