کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات کے دوران پولیس اہلکار سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے جبکہ پولیس نے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے 4 ملزمان کو گرفتار جبکہ 30 افراد کو حراست میں لے لیا۔
کراچی: گلبہار سے سیاسی جماعت کا ٹارگٹ کلر فرحان چکنا کو دھر لیا گیا۔ ٹارگٹ کلر 12 مئی سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ کورنگی زمان ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل مظہر علی زخمی ہو گیا۔ شاہ فیصل کالونی میں ڈکیتی کے دوران مزاہمت کرنے پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ گلشن اقبال میں نامعلوم افراد کی کار پر فائرنگ سےعباس نامی شخص زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کرائی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب منگھوپیر کن میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن کیا۔ علاقے کے داخلی خارجی راستے سیل کر کے گھر گھر تلاشی لی گئی۔ سرچ آپریشن کے دوران 30 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ادھر برگیڈ میں پولیس مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور دستی بم برآمد کر لئے گئے۔ ملیر الفلاح سے اسٹریٹ کرائم میں ملوث سیاسی جماعت کے دو کارکن دھر لئے گئے جبکہ گلبرگ میں پولیس نے چھاپہ مار کر دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق زیر حراست افراد سے تفتیش جاری ہے۔