کراچی (یس ڈیسک) کراچی میں پولیس کے ساتھ مقابلے کے بعد ایک ملزم ہلاک اور 4 کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ شارع فیصل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ایس ایس پی سٹی فدا حسین کے مطابق لیاری کے علاقے کلری میں پولیس اور گینگ وار کے ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔مقابلے کے دوران گینگ وار کا ملزم توصیف عرف بکری مارا گیا۔ ملزم کا تعلق شیراز کامریڈ گروپ سے تھا جو ٹارگٹ کلنگ ، بھتاخوری اور پولیس پر حملوں کے علاوہ حال ہی میں بغدادی کے علاقے میں واقع 15 مددگار کی چوکی پر حملے میں بھی ملوث تھا ۔ملزم کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق فریئرکے علاقے میں کارروائی کے دوران ملزم فرید کو گرفتار کیا گیا۔ ملزم فرید ڈکیتیوں اور اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ملزم کے قبضے سے پستول اور گولیاں برآمد کرلی گئی ہیں۔گلشن معمار میں مقابلے کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تین ڈاکوئوں کو گرفتار کیا گیا جن میں دو زخمی ہیں جبکہ ان کے 2 ساتھِ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عاطف، عزیز اور یاسین کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔ادھر شاہراہ فیصل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔