کراچی کے ناردرن بائی پاس پرمبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں 2 اغوا کار ہلاک ہو گئےجبکہ16 سالہ مغوی لڑکے کو بازیاب کرا لیا گیا۔ ملزمان نے 3 کروڑ روپےتاوان مانگا تھا۔
چیف سی پی ایل سی زبیر حبیب کے مطابق ناردرن بائی پاس پر مبینہ اغواکاروں کی موجودگی کی اطلاع پر سی پی ایل سی اور اے وی سی سی نے مشترکہ کارروائی کی ۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو نامعلوم ملزمان ہلاک ہوگئے جبکہ مغوی فیصل نذیر کو بازیاب کرالیا گیا۔زبیر حبیب کے مطابق ملزمان نے 16 سالہ نوجوان فیصل نذیر کو 5 جنوری کو اجمیر نگری تھانے کی حدود سے دکان سے اغوا کیا تھا،بعد ازاں ملزمان نے فیصل کی رہائی کے عوض تین کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا۔واقعہ کا مقدمہ اجمیر نگری تھانے میں درج ہے۔دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کے چھاپے بھی مارے گئے جن میں3 ملزمان گرفتار ہوئے۔ قائد آباد میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی ۔ادھر ایف بی ایریا کے علاقے جوہر آباد سے منشیات فروش کو گرفتار کرکے دو کلو منشیات برآمد کرلی گئی ۔ موچکو پولیس نے کارروائی کے دوران ایرانی ڈیزل سے بھرا ٹینکر قبضے میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔