کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں سمیت 6 ملزمان ہلاک ہو گئے۔
ایس پی سٹی فدا حسین نے بتایا کہ لیاری میں کشتی چوک پر پولیس کارروائی کے دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ سے 3 ملزمان ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ملزمان کا تعلق گینگ وار بابا لاڈلا گروپ سے ہے۔ ایس پی فدا حسین نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ملزمان گزشتہ روز کھارادر کے علاقے میں پولیس پر حملے میں ملوث تھے، جس 2 اہل کار شہید ہو گئے تھے۔
دوسری جانب اورنگی کے علاقے طوری بنگش میں کاونٹر ٹیرورزم ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں کے ساتھ مقابلے میں 2 دہشت گردوں کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جو اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔
ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان کے خان زمان گروپ سے تھا۔ ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد اور موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔
ادھر قائد آباد کے علاقے سواتی محلہ میں پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔