کراچی : گزشتہ رات کے بریک ڈاؤن کے بعد آج ایک بار پھر بریک ڈاؤن کے باعث شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا تاہم 2 گھنٹے کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال ہوناشروع ہو گئی۔
نیشنل گرڈ اسٹیشن ٹرپ کرنے کی وجہ سے شہر کو ایک بار پھر بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جس کے باعث شہر کا ایک بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا،بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، گلشن اقبال، گلستان جوہر، لیاقت آباد ،طارق روڈ، کورنگی، ملیر، پی آئی بی کالونی، ماڈل کالونی اور انچولی کے علاقے متاثر ہوئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب بھی کے الیکٹرک کی 500 کے وی کی ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے اور بن قاسم پاور پلانٹ میں خرابی کی وجہ سے کراچی ایک بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا تھا۔