پارٹی رہنما اور جیالوں کی بڑی تعداد بلاول ہائوس پہنچ گئی ، بلاول ہائوس کے قریب سے ویڈیو بنانے والا مشکوک شخص گرفتار
کراچی : کراچی میں پیپلز پارٹی کی سلام شہدا ریلی کی تیاریاں مکمل ، پارٹی رہنما اور جیالے بڑی تعداد میں پہنچ گئے ، پر جوش کارکن پارٹی ترانوں پر ڈانس کر رہے ہیں ، پولیس نے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لے لیا ، بلاول بھٹو چار مقامات پر خطاب کریں گے ۔ پیپلز پارٹی کے چئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بلاول ہائوس سے سلام شہدا ریلی کی تیاریاں مکمل ہوگئیں ۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، یوسف رضا گیلانی ، قمر الزماں کائرہ ، راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر رہنما اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پہنچ گئے ، جیالے بڑی تعداد میں موجود ہیں ۔ اندرون سندھ سے بھی جیالے پہنچے ہیں ۔ ان میں جیکب آباد سے آنیوالا معذور کارکن بھی شامل ہے ۔ کارکن بہت پر جوش نظر آرہے ہیں جو پارٹی ترانوں پر ڈانس اور نعرے بازی کر رہے ہیں ۔ بلاول بھٹو زرداری خصوصی طور پر تیار کئے گئے بم پروف ٹرک میں سوار ہو کر ریلی کی قیادت کریں گے ۔ ریلی کے آغاز پر خطاب کریں گے ۔ ریلی بوٹ بیسن سے مولوی تمیز الدین خان اور جناح برج سے ہوتے ہوئے کھارادر جماعت خانہ اور پھر ککری گراؤنڈ اور لی مارکیٹ پہنچے گی جہاں بلاول بھٹو خطاب کریں گے جس کے بعد ریلی رنچھوڑ لائن سے ہوتی ہوئی سعید منزل کے قریب ایم اے جناح روڈ پہنچے گی ۔ مزار قائد کے سامنے بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے ۔ مزار قائد سے ریلی سے براستہ شاہراہ قائدین اور شاہراہ فیصل سے کارساز پہنچے گی جہاں بلاول بھٹو خطاب کریں گے ۔ بلاول ہائوس کے قریب پولیس نے ایک مشکوک شخص کو حراست میں لیا ہے جو ویڈیو بنارہا تھا ۔