پشاور (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں نوازشریف ایک روزہ دورے پر پشاور پہنچ گئے۔ وہ گورنر ہاؤس میں پاکستان مسلم لیگ ن کےاراکین پارلیمنٹ سے ملاقات اور ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم میاں نوازشریف اسلام آباد سے ہیلی کاپٹرکےذریعےگورنرہاوس پشاور پہنچے۔ ان کے ہمراہ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیر اطلاعات پرویز رشید اور وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی اور وزیر مذہبی امور سردار یوسف بھی ہیں۔
گورنر ہاؤس میں وزیراعظم کااستقبال گورنر سردار مہتاب احمد خان، وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام اور مسلم لیگ ن کے صوبائی صدر پیر صابر شاہ نے کیا وزیر اعظم پاکستان مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ گورنر اور وزیر اعلی سے صوبے اور قبائلی علاقہ جات کی امن وامان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔ میاں نواز شریف پارٹی ورکرز کے کنونشن سے خطاب بھی کریں گے۔