کراچی………کراچی میں اسٹریٹ کرائم ختم کرنے کے لیے سندھ رینجرز نے حکمت عملی تیار کرلی، اغوا برائے تاوان، اسٹریٹ کرائم اور بینک ڈکیتیوں میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے گا۔حکومت سندھ نے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔
کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کیسے ختم کیا جائے؟ ڈی جی سندھ رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں اس مسئلے پر غور کیا گیا۔ سندھ رینجرز کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی، ڈی ڈی جی رینجرز، سیکٹر کمانڈرز اور ڈی آئی جی نے شرکت کی۔ اجلاس میں بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، اسٹریٹ کرائمز، بینک ڈکیتی کیسز کا جائزہ لیا گیا اور ان جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔ ان وارداتوں میں ملوث ملزموں کی گرفتاری میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں چوری شدہ سامان کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کی نگرانی اور گرفتاری کا فیصلہ بھی کیا گیا۔دوسری جانب حکومت سندھ نے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا جس کے مطابق رینجرز کے خصوصی اختیارات میں 4 فروری سے 90 روز کے لئے توسیع دی گئی ہے۔ اس کے تحت رینجرز کو گرفتاری،اچانک چھاپے اور ملزم کو 90 روز کے لئے تحویل میں رکھنے کا اختیار ہوگا۔