کراچی میں بھوکے چوروں کے بعد رکشہ سوار چور گروہ سرگرم ہو گیا ہے۔ پولیس اس گروہ کو بھی پکڑنے میں ناکام رہی ہے۔ دنیا نیوز نے رکشہ سوار چور گروپ کی ایک اور واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔
کراچی: (یس اُردو) درآمد شدہ قیمتی گاڑیوں کے سائڈ مرر چوری کرنے والا رکشہ گروپ تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکا۔ دنیا نیوز نے رکشہ گروپ کی ورادت کی ایک اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے جس میں دو رکشہ سوار ملزمان کو ایک ہی گاڑی اتنی پسند آئی کہ پہلے اس کا ایک جانب کا سائیڈ مرر توڑ کر لے اڑے پھر دوسرے مرر کو چوری کرنے بھی پہہنچ گئے۔فوٹیج کے مطابق ملزمان نے پلان کے مطابق رکشے کو گاڑی کے قریب پارک کیا اور موقع ملتے ہی گاڑی کا سائڈ مرر توڑا اور رکشے میں بیٹھ کر فرار ہو گئے۔ اسی گاڑی کے قریب پھر رکشہ آ کر رکتا ہے اور ڈرائیور موقع کی تاک میں ایک جانب بیٹھ جاتا ہے۔ مرر توڑنے کی کوشش کرتا ہے لیکن موقع نہیں مل پاتا۔ پولیس کے مطابق رکشہ گروپ نے سب سے زیادہ وارداتیں عزیز آباد کے علاقے میں کی ہیں۔ ملزمان درآمد شدہ گاڑیوں کے شیشے مہنگے داموں بلیک مارکیٹ میں فروخت کرتے ہیں۔ دنیا نیوز نے تین ماہ قبل بھی رکشہ سوار چور گروپ کی بہادر آباد میں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج نشر کی تھی۔