کراچی کے علاقے حیدری میں ٹارگٹ کلرز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے اہلکار کو سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر سمیت اعلیٰ افسران نے شرکت کی، آئی جی نے ملزموں کی گرفتاری کی ہدایت کر دی، دنیا نیوز نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔
کراچی: شہر قائد میں ایک اور پولیس اہلکار ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گیا۔ ایک اور ماں سے اس کا لخت جگر چھین لیا گیا۔ سندھ پولیس کے کانسٹیبل منور زمان نے بھی جان کی قربانی دے دی۔ بھائی اور بہنیں مقتول کی بے وقت موت پر آہ و بکا کرتی رہیں۔ ایس ایس پی سنٹرل مقدس حیدر کے مطابق، منور زمان نیو کراچی تھانے سے ڈیوٹی دیکر گھر جاتے ہوئے دہشت گردوں کی گولی کا نشانہ بن گیا۔
آئی جی سندھ نے ملزموں کی گرفتاری کی ہدایت کر دی ہے۔ ڈی آئی جی ویسٹ آفس میں جاں بحق اہلکار کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر سمیت اعلیٰ افسران نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ مقتول اہلکار کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔