کراچی (یس ڈیسک) سندھ رینجرز کے ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی کے علاقے محمود آباد سے سانحہ 12 مئی کا ملزم پکڑا گیا، عبدالرفیق عرف کائیاں ایم کیو ایم کا سیکٹر انچارج ہے۔ سندھ رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم نے تفتیش کے دوران سانحہ 12مئی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔ گرفتار ملزم منظور کالونی کے عامر عرف دوانی کی ٹارگٹ کلر ٹیم سے احکامات لیتا تھا۔
اس نے قتل کی متعدد وارداتوں اور چنیسر گوٹھ میں اشوک گروپ سے گینگ وار کا اعتراف بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ رئیس ممّا سمیت کئی ٹارگٹ کلرز کو تحفظ دینے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ رینجرز ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم محمود آباد میں ایم کیو ایم کا سیکٹر انچارج ہے۔ اس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ملزم کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔