کراچی: ملزم کی گرفتاری کے لئے سی ٹی ڈی کی معاونت کریں، آئی جی نے اے سی ایل سی، اے وی سی سی اور سی آئی اے کو ہدایت جاری کر دی
کراچی میں خواتین کو زخمی کرنے والے چاقو مار کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکا۔ آئی جی سندھ نے گرفتاری کا ٹاسک سی ٹی ڈی کو دے دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے آئی جی نے اے سی ایل سی، اے وی سی سی اور سی آئی اے کو بھی ہدایت دی ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے سی ٹی ڈی کی معاونت کریں، چھاپہ مارکارروائیوں میں مزید 15 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی۔ ادھر پولیس تفتیشی ٹیم نے ساہیوال اور گجرانوالہ میں چھاپے مارے، ساہیوال میں خواتین کو زخمی کرنے والے ملزم وسیم کی اہلیہ اور دو بہنوں سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم وسیم روپوش ہے اور اس کا موبائل فون بھی بند ہے۔ ملزم کی اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ وسیم کراچی میں ہے اور 20 روز سے کوئی رابطہ نہیں، تفتیشی حکام کو شبہ ہے کہ کراچی میں خواتین پر حملہ کرنے والا وسیم ہی ہے۔